31 مئی 2014
وقت اشاعت: 8:23
مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے کیس کی سماعت آج ہو گی
جیو نیوز - کراچی…سابق صدر پرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے کیس کی سماعت آج سندھ ہائی کورٹ میں ہو گی۔ کیس کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل دو رکنی بنچ کررہاہے ۔گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے حتمی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویزمشرف پرسنگین غداری کا مقدمہ ہے ،انھیں باہرجانے کی اجازت دینا انتہائی رسک ہوگااورمنتخب حکومت یہ رسک لینے کو تیار نہیں۔دوسری جانب پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیے کہ خصوصی عدالت کے 31 مارچ کے حکم نامے میں ان کے موکل کی نقل وحرکت پر پابندی عائد نہیں کی گئی، نہ ہی ان کانام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں فریکچر ہے جس کا ملک میں علاج نہیں ہوسکتا، عوامی مفاد میں ہوگا کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔ عدالت نے وکلاء کو تحریری دلائل 31مئی کو جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔