1 جون 2014
وقت اشاعت: 0:3
سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود جیو کی نشریات بحال نہ ہوئیں
جیو نیوز - اسلام آباد…ایک دو نہیں، پانچ دن ہو گئے۔ہفتہ ختم ہونے کو آیا۔پیمرا عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرا سکا، کیبل آپریٹرز سے جیو کے چینل کھلوائے نہ جا سکے، کیبل آپریٹرز کے نام جیو کے خط کا بھی کوئی اثر نہ ہوا اور عوام آج بھی اپنے پسندیدہ چینل دیکھنے سے محروم ہیں۔ کیبل پر جیو کی نشریات بحال کرنے کا سپریم کورٹ کا حکم آئے پانچ دن ہوگئے،لیکن تاحال کیبل پر جیو کی نشریات بحال نہیں کی جاسکیں ، نہ پیمرا اورنہ ہی دیگر متعلقہ حکومتی مشینری اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے، کیبل آپریٹرزکی ہٹ دھرمی اور پیمرا کی جانبداری سے ناظرین اپنے پسندیدہ نیٹ ورک کے چینلز دیکھنے سے محروم ہیں اورخبر کی حقیقت تک پہنچنے کے لیے ناظرین اور جیو نیوز کے درمیان کیبل آپریٹرز دیوار بن گئے ہیں ۔اگرچہ جیو نے ملک بھر کے کیبل آپریٹرز کو خط بھی لکھا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی نہ کریں لیکن کیبل آپریٹرز کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی، جیو نے اپنے خط میں کیبل آپریٹرز کو یاد دلادیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود چینل کی نشریات معطل کرنا آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ ریاست اور اداروں کی تضحیک کے برابر ہے ۔ جیو نے کیبل آپریٹرز سے یہ بھی کہاکہ ہے کہ وہ ابھی تک کوئی ایسی وجہ ریکارڈ پر نہیں لائے کہ وہ کیوں ازخود جیو کی نشریات معطل کیے ہوئے ہیں، اگر وہ کسی دباوٴ، دھمکی یا دھونس کے باعث ایسا کررہے ہیں تو انہوں نے کسی جگہ پر اس کی شکایت رپورٹ نہیں کی ہے۔ کیبل پر جیو کی نشریات 24اپریل سے کیبل آپریٹرز نے اپنے طورپر بند کر رکھی ہیں اور اس کے پیچھے انہی نادیدہ قوتوں کی آشیر باد حاصل ہے۔ نشریات کی بندش کو ایک ماہ سے زیادہ وقت گزر گیا جبکہ نشریات بحالی کے لیے سپریم کورٹ کے حکم کو بھی پانچ دن ہوگئے، لیکن پیمرا اور کیبل آپریٹرعدالتی حکم کی تعمیل نہیں کررہے، ان کے اقدام سے جیو نیٹ ورک کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔