1 جون 2014
وقت اشاعت: 4:33
ملکی ترقی کیخلاف احتجاج کرنے والوں کا ایجنڈاسمجھ سے باہر ہے، وزیراعظم
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پورے ملک میں بلاتفریق ترقیاتی کام کررہی ہے ، پاکستان کی ترقی کیخلاف احتجاج کرنے والوں کاایجنڈا اور مقصد سمجھ سے باہر ہے، کوئی کینیڈا میں بیٹھ کر اعلان کر رہا ہے ، کوئی لندن میں ملاقاتیں کر رہا ہے،خدا کے واسطے پاکستان کو چلنے دو۔نندی پور پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھا کہ حکومت ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کررہی ہے تاکہ عوام کے دیے گئے مینڈیٹ پر پورااتر سکے۔ ایسے میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے مقاصد سمجھ سے بالا ہیں ۔احتجاج کرنے والوں کو چاہیے کہ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکانے کی بجائے اس کا ہاتھ بٹائیں ۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بلا تفریق پورے ملک میں ترقیاتی کام کررہی ہے ، شور مچانے والے پہلے یہ جان لیں کہ جن علاقوں سے ان کو ووٹ ملا وہاں بھی حکومت ہی عوام کی ترقی کے لیے کوشاں ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے صرف نندی پور پاورپراجیکٹ پر ہی نہیں بلکہ نیلم جہلم منصوبے پر بھی اندازے سے کہیں زیادہ رقم خرچ ہوئی۔وزیرعظم نے نندی پورپاور پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں میں چین کے تعاون کو سراہا اور بتایا کہ حکومت جلد دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کے منصوبوں کا بھی آغاز کرے گی جس سے 9ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی۔وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند برسوں کے دوران ملک میں 21ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔