تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 جون 2014
وقت اشاعت: 10:43

کراچی: نامعلوم افراد نے روزنامہ جنگ کی گاڑی جلادی

جیو نیوز - کراچی…شکیل انجم لاشاری…آج صبح گلشن اقبال میں حسن اسکوائر کے قریب نامعلوم افراد نے روزنامہ جنگ کی گاڑی جلادی‘ڈرائیور نے بھاگ کر جان بچائی‘گاڑی کا گیس سلنڈر پھٹ جاتا تو خوفناک تباہی پھیل سکتی تھی۔تفصیلات کے مطابق آج صبح تھانہ عزیزبھٹی کی حدود گلشن اقبال میں حسن اسکوائر کے قریب مصروف ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ کی ذیلی سڑک پر موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے اخبارات کی سپلائی کیلئے جانے والی روزنامہ جنگ کراچی کی سوزوکی ہائی روف نمبر CS-5046 کو کیمیکل پھینک کر آگ لگادی اور باآسانی فرارہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فائربریگیڈ کاعملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا‘فائربریگیڈ کے عملے میں آگ پر فوری طورپرقابو پالیا تاہم آتشزدگی سے گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی ۔عزیزبھٹی پولیس نے ڈرائیور محمدنثار کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعہ 436/34 کے تحت ایف آئی آر نمبر 225/14 درج کرلی ہے‘ڈرائیور محمدنثار نے پولیس کوبتایا کہ وہ حسب معمول روزنامہ جنگ کراچی کے بنڈل لے کر حسن اسکوائر پہنچا جہاں اخبارات کے بنڈل اتارنے کے بعد گاڑی کے قریب پہنچاتو یہاں موجود موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان میں سے ایک ملزم نے اس سے پوچھا کہ یہ کس کی گاڑی ہے جس پر ڈرائیور نے بتایا کہ یہ جنگ گروپ کی گاڑی ہے، اس کے بعد ملزم نے جیب میں ہاتھ ڈال کر کیمیکل نکالا اور گاڑی پر پھینک دیا جس کے نتیجے میں گاڑی آناً فاناً آگ کے شعلوں میں گھرگئی اور ڈرائیور نے بھاگ کر جان بچائی ڈرائیور کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل پر بیٹھ کر باآسانی فرارہوگئے۔ عزیزبھٹی پولیس کاکہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں جلنے والی گاڑی کا سی این جی سلنڈر بچ گیاہے اگر گیس سلنڈر پھٹ جاتا تو دھماکے سے اطراف میں تباہی پھیل سکتی تھی ۔وقوعہ پر موجود افراد نے واقعے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.