تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 جون 2014
وقت اشاعت: 21:4

سپریم کورٹ بار عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کامران مرتضیٰ

جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کسی سابق اور موجودہ جج کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سپریم کورٹ بلڈنگ میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عدلیہ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، آج جو حالات پیدا کیے جارہے ہیں کل اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ کامران مرتضیٰ نے اے آر وائی پر عدلیہ مخالف پروگراموں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے ہمارے بھی اختلافات تھے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کسی کی بے توقیری کی جائے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کسی سابق یا موجودہ جج کی پگڑیاں اچھالنے کی اجازت نہیں دے گی، عدلیہ کو بے توقیر کرنے والے کل خود بھی بے توقیر ہوسکتے ہیں۔صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ وکلاء آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جنگ اور دی نیوز کی گاڑیوں کو جلانے اور جنگ ملتان کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر ظفرآہیر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج جو جنگ اور جیو کے حالات پر خوش ہورہے ہیں کل ان کی باری ہوگی، اگر آج جنگ اور جیو کی آواز دبائی گئی تو کل دوسروں کی آواز دبائی جاسکتی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.