2 جون 2014
وقت اشاعت: 21:54
نصراللہ شجیعاسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم اور رکن سندھ اسمبلی رہے
جیو نیوز - کراچی…جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر نصراللہ خان شجیع آج بالا کوٹ کے دریائے کنہار میں ایک طالب علم کی جان بچانے کیلئے چھلانگ لگانے کے بعد سے لاپتہ ہیں ۔ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔ نصراللہ خان شجیع1972ء میں کراچی کے علاقے حیدرآباد کالونی میں پیدا ہوئے، دور طالبعلمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور طلبہ سیاست میں اہم کردار کیااور1996ء سے 1998ء تک اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم رہے۔ جامعہ کراچی سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی اور تعلیم سے فراغت کے بعد جماعت اسلامی سے منسلک ہوکر عملی سیاست میں اپنا کردار ادا کیا۔ نصر اللہ خان شجیع جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیررہے اور تاحال جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیرتھے۔ سال 2002ء کے عام انتخابات میں ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا۔ کراچی کے حلقے پی ایس 116سے 30سال کی عمر میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور سندھ اسمبلی میں متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے اسمبلی میں عوام کی آواز بنے۔ نصر اللہ شجیع دور طالبعلمی سے ہی جوشیلے مقرر اور لوگوں میں ہر دلعزیز تھے،طلبہ حقوق کی جدوجہد ہو یا عوامی مسائل پر آواز اٹھانے نصراللہ شجیع نے ہمیشہ اہم کردار اداکیا۔ نصراللہ شجیع شعبہ تعلیم سے وابستہ تھے اور عثمان پبلک اسکول سسٹم کیمپس 13کے پرنسپل تھے۔ نصراللہ شجیع کے اہل خانہ میں دو بیٹے ،ایک بیٹی، اہلیہ، ایک بھائی، چار بہنیں اور والدہ شامل ہیں۔