3 جون 2014
وقت اشاعت: 0:34
سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے،آصف زرداری
جیو نیوز - کراچی…سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے اور عوامی فلاحی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ انہوں نے یہ بات بلاول ہاوٴس کراچی میں پیپلز پارٹی کے حیدرآباد اور کراچی سے منتخب ارکان سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، چیف سیکریٹری سمیت صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے بروقت مکمل کئے جا سکیں۔