3 جون 2014
وقت اشاعت: 10:54
جس کے پاس طاقت ہو وہی دھاندلی کرا سکتا ہے، مدثر رضوی
جیو نیوز - کراچی…فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک”فافن“کے سربراہ سید مدثر رضوی کا کہنا ہے کہ جس کے پاس طاقت ہوتی ہے وہی انتخابات میں دھاندلی کراسکتا ہے، میڈیا دھاندلی نہیں کراسکتا۔کراچی پریس کلب میں انتخابی اصلاحات کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے فافن کے سربراہ سید مدثر رضوی اور فافن کے رکن سرور باری نے کہا کہ سیاسی جماعتیں فوری طور پر سیاسی مکالمہ شروع کریں تاکہ بکھرے ہوئے انتخابی قوانین کو یکجا کیاجائے اور شفاف انتخابات ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں قبائلی علاقہ جات اور اسلام آباد سے بھی نمائندگی کے ساتھ دو خواتین کو بھی شامل کیا جائے اور تمام اراکین کا تقرر ایک سال کی مدت کے لئے کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اپنے تمام عمل کا قانونی جواز ہونا چاہئے۔ الیکشن کمیشن کے پاس انتظامیہ کواحکامات دینے کے بجائے سزا دینے کے اختیارات بھی ہونے چاہئیں۔سیدمدثر رضوی نے کہا کہ بائیو میٹرک نظام کا ٹیسٹ کیا جائے مگر اس وقت اس کو نافذ کرنا عقل مندی نہیں ہوگی ۔ انتخابات میں میڈیا کی دھاندلی کے سوال پرسید مدثر رضوی نے کہا کہ جس کے پاس طاقت ہوتی ہے وہی دھاندلی کراسکتا ہے۔ میڈیا دھاندلی نہیں کراسکتا۔