7 جون 2014
وقت اشاعت: 20:6
تاجروصنعت کار کراچی کے ماتھے کا جھومر ہیں، ڈاکٹر سلیم حیدر
جیو نیوز - کراچی...مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کورکمانڈر سندھ اور ڈی جی رینجرز کی جانب سے کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروںکو کرائی جانے والی تحفظ کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور اس کے صنعت کار اور تاجر کراچی کے ماتھے کا جھومر ہیںجنہیں سرکاری اور انتظامی طورپر کوئی تحفظ نہیں ۔ ایک طرف انہیں ٹیکسوں کی بھرمار کا سامنا ہے دوسری جانب بھتہ خور ، جرائم پیشہ افراد انہیں ہراساں، اغواء کررہے ہیں۔ کراچی کی صنعت اور تجارت کو تباہ کرنے کا مقصد مہاجروں کو معاشی بدحالی کی طرف دھکیلنا ہے ۔ پہلے ہی سندھ کے مہاجر تعلیم اور روزگار سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے صوبائی حکمران نہ تو کراچی میں تعمیروترقی کے کاموں میں دلچسپی لے رہے ہیں اور نہ ہی کراچی کے اداروں کو فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔ تمام تر ترقیاتی منصوبے اور فنڈز کا محور سندھ کے دیہی علاقے ہیں جہاں کرپشن اور لوٹ مار 60سے 70فیصد جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے نواحی علاقوں میں ایک منصوبے کے تحت جرائم پیشہ افراد کو لاکر بسایا گیا جنہوں نے یہاں کی قیمتی اراضی پر قبضے کئے اور گروپ بناکر میں جرائم کی وارداتیں کررہے ہیں ،یہ بھتے کی پرچیاں اور اغواء کی وارداتوں میں برائے راست ملوث ہیں۔ انہوں نے کورکمانڈر سندھ اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کو ملکی ترقی اور معاشی خوشحال کے حوالے سے حل کریں۔