13 جون 2014
وقت اشاعت: 11:29
چیف ایگزیکٹواے آروائی سلمان اقبال اوراینکرمبشرلقمان کو توہین عدالت نوٹس
جیو نیوز - اسلام آباد....اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنے پر اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو سلمان اقبال، اور اینکر پرسن مبشر لقمان کوتوہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔اسلام ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے ہیں کہ اے آر وائی کا عدلیہ مخالف پروگرام عدلیہ پر حملہ ہے جو توہین عدالت کا جرم بنتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 22 مئی سے 31 مئی تک عدلیہ مخالف پروگرام نشر کیے گئے، جن میںجسٹس جواد ایس خواجہ کو بالخصوص تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کچھ عناصر کو عدلیہ کی آزادی ہضم نہیں ہورہی۔ سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ اےآروائی کیجانب سےنشر کیےگئے پروگرام عدلیہ پرحملہ ہے جوتوہین عدالت کاجرم بنتا ہے، فریقین عدالت میں پیش ہوکر وضاحت دیں یہ توہین عدالت کیوں کی گئی، 9 سے10 دن تک عدلیہ مخالف پروگرام نشر ہوتے رہے، ریگولیٹری اتھارٹی نے مداخلت کیوں نہ کی۔ عدالت نے اےآروائی کے چیف ایگزیکٹو سلمان اقبال، اینکر مبشر لقمان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام فریقین کوجولائی کے پہلے ہفتے میں طلب کرلیا۔ عدالت نے قائم مقام چیرمین پیمرا اورسیکریٹری اطلاعات کو بھی نوٹس جاری کردیا۔