تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 جون 2014
وقت اشاعت: 6:22

کراچی: مبینہ مقابلوں میں 3 ملزمان ہلاک، 5 گرفتار

جیو نیوز - کراچی..... کراچی کے علاقے ماڑی پور میں رینجرز سے مبینہ مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر مارا گیا، دہشت گرد کے قبضے سے اہم سیاسی رہنمائوں کی ہٹ لسٹ بھی ملی ہے،سول اسپتال کے قریب رینجرز نے تاجر سے بھتہ وصول کرنے کے لئے آنے والے 2 ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا۔ ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی میں رینجرز کا مبینہ مقابلہ ہواجس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر مارا گیا،، ترجمان رینجرز کا دعویٰ ہے کہ مارے جانے والے ملزم کی شناخت زوہیر عرف سلمان کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ہٹ لسٹ بھی ملی ہےجس میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، فیصل رضا عابدی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان کا نام بھی شامل ہے۔ ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ سول اسپتال کے قریب تاجر سے بھتہ وصول کرنے کے لئے آنے والے گینگ وار ملزمان کو رینجرز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی توملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ایس پی کلفٹن عبادت نثار کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے جونیجو ٹائون میں پولیس مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاجبکہ اسکے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔ ادھر بوٹ بیسن کے علاقے سے پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا،جبکہ اسکا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق لانڈھی انڈسڑیل ایریا کے علاقے پولیس نے ایک ملزم کو خنجر سمیت گرفتار کرلیا۔ نیو کراچی کے علاقے سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ 2 ملزمان فرارہوگئے، ملزم کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل،موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.