29 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 22:36
آئیسکو نے عمران خان کو بجلی منقطع کرنے کا نوٹس بھیج دیا
جیو نیوز - اسلام آباد......آئیسکو نے عمران خان کو بجلی منقطع کرنے کا نوٹس بھیج دیا ہے جس میںعمران خان کو عدم ادائیگی پر بجلی کا کنکشن منقطع کر نے سے متعلق متنبہ کیا گیا ہے۔اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بل نہ بھرنے پر بنی گالہ والے گھر کی بجلی کاٹنے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان صاحب ! سات دن کے اندر بقایا جات ادا کردیں ورنہ بجلی کٹ جائے گی ، نہ صرف بنی گالہ والے گھر سے واپڈا کی تمام تنصیبات ہٹالی جائیں گی بلکہ آپ کے نام پر کوئی دوسرا کنکشن ہوا تو وہ بھی کاٹ دیا جائے گا ۔ عمران خان کے تین بجلی میٹرز کے ستمبر کے بل جاری ہو چکے ہیں، جبکہ انھوں نے اگست کے بل جمع نہیںکرائے تھے، بعدازاں بقایاجات کے ساتھ یہ تینوں بل 87 ہزار 637روپے ،28 ہزار 955 روپے اور 14ہزار 174روپے کے ہوگئے ہیں ۔ ادھر ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کو ایک گھر میں بجلی کے دس کنکشن رکھنے پر نوٹس بھیجا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے اپنے گھر کے لیے ایک سے زیادہ کنکشن حاصل کر رکھے ہیں ، ان میں دو کنکشنز ایسے ہیں جن کے ذریعے دو ہری بجلی سپلائی لی جارہی ہے ۔ اس طرح نہ صرف رولز کی خلاف ورزی کی گئی بلکہ ٹیرف کا غلط استعمال بھی کیا جس سےکمپنی کو مالی نقصان ہو ا۔ شاہ محمود قریشی سےکہا گیا ہے کہ تمام کنکشنز کو 15روز میں ایک کنکشن میں تبدیل کرائیں ورنہ تمام کنکشن کاٹ دیے جائیں گے ۔