2 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 23:8
سیاچن پر امن پارک بنانے کی بات ہوئی تھی، دفتر خارجہ
جیو نیوز - اسلام آباد...... ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیاچن پر پاک بھارت امن پارک بنانے کی بات ہوئی تھی، لیکن بدقسمتی سے بھارت نے لچک نہیں دکھائی، امن پارک کی تجویز اب بھی موجود ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ امن پارک کے حوالے سے سیاچن سے فوجی انخلاء کی بات بھی ہوئی کیونکہ فوجوں کی موجودگی سے گلیشرز پگل رہے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی آرہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر جب بھی پاک بھارت مذاکرات ہوتے ہیں ہم کشمیریوں سے مشاورت کرتے ہیں، جب بھی ضروری سمجھیں گے کشمیری قیادت سے ملتے رہیں گے، پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں، دونوں کو با لآخر مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی قابل عمل ہیں، یہ تاثر درست نہیں کہ کشمیر پر پاک بھارت مذاکرات نے ان قرادادوں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔