3 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 11:18
لاہور،عید الاضحی پر دہشتگردی کے خدشات،سیکیورٹی پلان تیار
جیو نیوز - لاہور .......لاہورپولیس نے عید الاضحی کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ پلان شہر میں دہشت گردی کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔عید سیکیورٹی پلان کے حوالے سے ہوئے اجلاس میں سی سی پی او امین وینس،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ،ایس پی سیکیورٹی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔سکیورٹی پلان کو عیدسے پہلے ، عید، اور عیدکے بعد یعنی تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بازاروں اور عید اجتماعات پر 6 ایس پیز ،35 ڈی ایس پیز،83انسپکٹرز اور لیڈی کانسٹیبلز سمیت 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہونگے۔عید بازاروں، مارکیٹوں ، مویشی منڈیوں، مساجداو ر امام بارگاہوں،قبرستانوں اور تفریحی مقامات پرسیکیورٹی کےانتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ،کوئیک رسپانس فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔3 ہزار 587 مساجد، 28 امام بارگاہوں اور 126اہم کھلے مقامات اور بڑے اجتماعات پرپولیس اہلکاراورکمانڈوز ڈیوٹی دیں گے۔ پارکنگ اسٹینڈز کے مربوط پلان پر بھی عمل درآمد جاری ہے،موبائل سی سی ٹی وی کوریج کے ذریعے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔