3 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 21:48
پڑوس والے مضبوط ہوگئے جو پہلے کبھی نہ تھے، آصف زرداری
جیو نیوز - لاہور...... سابق صدر آصف زرداری آج جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ پہنچے جہاں ان کی سراج الحق سمیت جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ پڑوس والے اتنے مضبوط ہوگئے ہیں کہ پہلے کبھی نہیں تھے، سیاسی جماعتوں کی جنگ میں ایسا نہ ہو کہ کوئی شیطان پاکستان کو نقصان پہنچادے، پاکستان کوبناناہےتوتمام قوتوں کومل کرکام کرناہوگا۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چالیس روز کے دوران دوسری مرتبہ لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ پہنچے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گلے لگا کر انھیں خوش آمدید کہا۔ سابق وزیراعظم گیلانی اور امین فہیم بھی سابق صدر زرداری کے ساتھ تھے۔ سابق صدر نے یہ بھی بتایا کہ سراج الحق سے ان کے رابطے پرانے ہیں۔ سابق صدر نے تسلیم کیا کہ عمران خان نے کامیاب جلسے کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا تبدیل ہو رہی ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اقتدار کی جنگ میں پاکستان کا نقصان ہو جائے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی دو پرانی نظریاتی حریف جماعتیں ہیں، ان دو جماعتوں کی قربت کو سیاسی مبصرین بڑی دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔