8 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 12:11
سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی مسلسل چوتھے دن اشتعال انگیزی
جیو نیوز - سیالکوٹ.....بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 4 شہری شہید ہوچکے ہیں ۔ اقوام متحدہ کا مبصر مشن متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔ بھارتی مورچے مسلسل پاکستانی آبادیوں پر گولیاں اور گولے برسا رہے ہیں اور معصوم شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں ۔ جبکہ ان واقعات میں گھروں اور مویشیوں کا بھی نقصا ن ہورہاہے ۔ سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران گیارہ افراد جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں ۔ آج صبح ہرپال سیکٹر کے گاؤں چک سوکھا میں پچاس سال کا شخص جانوروں کو چارہ ڈالتے ہوئے بھارت کی جانب سے آنے والے گولے کا نشانہ بن گیا۔ اس کے علاوہ چار واہ سیکٹر، سجیت گڑھ ، چپراڑ، بجوات میں بھی وقفے وقفے سے فائرنگ اور گولہ باری جاری ہے۔ چناب رینجر کے مطابق بھارتی فورسز نے 31 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی ۔ دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی گزشتہ روز بھارتی فورسز نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی اور مارٹرگولہ پھینکے ، جس سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ مویشی اور فصلیں بھی متاثر ہوئیں ۔ پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی مورچے خاموش ہوگئے۔بھارتی جارحیت کے باعث ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ مقیم پاکستانی شہریوں کی عید سوگ میں بدل گئی ہے ۔پاکستان نے اشتعال انگیزی اور سیز فائر کی خلاف ورزی پربھارت سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کا مبصر گروپ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔