25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 5:38
کراچی میں سنی تحریک کے تحت جانثاران مصطفیٰ کانفرنس کا انعقاد
جیو نیوز - کراچی........کراچی میں سنی تحریک کے تحت جانثاران مصطفیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقعے پر علماء نے پشاور سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان بھر میں آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ کراچی میں سنی تحریک پاکستان کی جانب سے جانثاران مصطفیٰ کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں علماء اور کارکنان نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے پاکستان صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کا کہنا تھاکہ داعش پاکستان میں آچکی مگر وزیر داخلہ انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور داعش کی پاکستان میں موجودگی کا ثبوت ہے۔ سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ،رینجرز اور پولیس کے جوان شہید ہورہےہیں، دہشتگردی کے معاملے پر حکومت مصالحت پسندی کا شکار ہے، دہشتگردی میں ملوث ملزمان کو معاف نہ کیا جائے۔کانفرنس میں علماء نے دہشت گردوں کے خلاف فوج کی جانب سے جاری آپریشن کی حمایت کی اور سانحہ پشاور کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں سر عام پھانسیاں دینے اور پولیو ورکرز پر حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی اور دہشت گردی میں ملوث مدارس کے خلاف کارروائی کرنے کی قرار داد بھی منظور کی گئی۔ علماء نے لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔