25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 5:54
سانحہ پشاورکیخلاف اقلیتی برادری اورخصوصی افراد بھی سڑکوں پرنکل آئے
جیو نیوز - کراچی........سانحہ پشاورکے خلاف اقلیتی برادری اورخصوصی افراد بھی سڑکوں پرنکل آئے، دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا اورمعصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی گئی۔پشاور آرمی پبلک اسکول کے شہدا سے اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کے خلاف ملک بھر میں مسیحی برادری ،سکھ برادری اور خصوصی افراد نے ریلیاں نکالیں۔ کراچی میں پشاور آرمی اسکول کے شہدا سے اظہار یکجہتی ریلی سینٹ جانز چرچ سے شروع ہوئی اور پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ کوئٹہ میں سانحہ پشاور کے شہدا کے لئے کوئٹہ مقامی چرچ میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی برادری نے شرکت کی۔ مسیحی عوامی سوسائٹی کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے پشاور پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی گئی ۔ نوشہرہ کے چرچ میں شہداء کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،مسیحی برادری کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی مذہب انتہاپسندی اور دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔ پشاور صدر کے گوردوارے میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں سکھ مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے بلند درجات اور زخمی طلبہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں مانگی گئیں اور شمعیں روشن کی گئیں۔ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے پاکستان کمیونسٹ ورکرز فاؤنڈیشن نے سانحہ پشاور کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی۔ کراچی میں سانحہ پشاور کے خلاف خصوصی افراد نےسندھ ہائکورٹ سے سندھ اسمبلی تک خصوصی ریلی نکالی۔ ریلی میں سماعت اور گویائی سے محروم افراد نے شرکت کی۔