تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 8:49

سزائے موت پر پابندی ختم،قصاص ودیت کے معاملات مبہم ہیں:حافظ حسین

جیو نیوز - حیدرآباد.........جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردی کے حوالے سے سزائے موت پر پابندی ختم کردی لیکن قصاص اور دیت کے معاملات ابھی مبہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27دسمبر کو بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش جانے والے پیپلز پارٹی کے کسی کارکن کو نہیں روکیں گے۔ انہوں نےیہ بات حیدرآباد پریس کلب کےباہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہی۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے حوالے سے سزائے موت کے قانون پر عائد پابندی تو ختم کر دی ہے تاہم قصاص و دیت کے حوالے سےمعاملات ابھی تک مبہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان 27دسمبر کو بےنظیر کی برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کسی ورکر کو گڑھی خدا بخش جانے سے نہیں روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اپنے رہنما کے قاتلوں کا چالان عدالت میں پیش کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی احتجاج میں ساتھ دے۔حافظ حسین احمدنے کہا کہ الطاف حسین مولانا عبدالعزیز کی مذمت ضرور کریں لیکن مسجد کو سزا نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے موجودہ صورت حال سے فائدہ اٹھاتےہوئے دھرنا ختم کر دیا دھرنا تو پہلے ہی ختم ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے تمام معاملات پارلیمنٹ کے اندر آئینی اور قانونی طریقے سے حل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے طالبان اور جنرل ضیاء ایک صفحے پر تھے بعد میں گڈ طالبان اور جنرل مشرف ایک صفحے پر تھے،آج دونوں کو گڈ اور بیڈ سے نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان اور خالد محمود سومرو پر حملے ہوچکے ہیں تو وہ بھی ٹارگٹ ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.