25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 8:49
لواری ٹاپ : شدید برفباری ،درجنوں مسافر گاڑیاں پھنس گئیں
جیو نیوز - لواری ٹاپ..........لواری ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے ملک کے دیگر حصوں سے چترال جانے والی درجنوں مسافر گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔مقامی صحافی رحیم بیگ نے جیو نیوز کو ٹیلی فون پر بتایا کہ لواری ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے مسافر گاڑیوں کو گجر خوڑ سے واپس آنا پڑا۔ لواری ٹنل کے باہر خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ این ایچ اے حکام سے رابطے کی بھی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مسافر گاڑیوں کو ٹنل سے گذرنے کی اجازت دی جائے مگر کوئی دستیاب نہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سینکڑوں افراد کی جانیں بچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔