25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 8:49
دہشت گردوں کے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمے کا وقت آ گیا، شہباز شریف
جیو نیوز - لاہور...........پنجاب کےوزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کاکہناہےکہ پاکستان سےدہشت گردوں کے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمے کا وقت آن پہنچا،اس جنگ میں جیت ہی واحد آپشن ہے،سفاک درندوں نے معصوم بچوں کو بربریت کا نشانہ بنایا،پوری قوم اس ناسور کےخاتمے کیلئے متحد اور یکجا ہو چکی ہے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرِصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا۔کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں سیکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کے حوالے سےمختلف تجاویز پر غورکیا گیا ۔شہباز شریف کاکہناتھاکہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے، سبھی دہشت گرد بُرے ہیں، یکساں اور بلاامتیاز کارروائی کی جائےگی۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کاکہناتھاکہ پنجاب حکومت اور پولیس کےساتھ دہشت گردی کےخلاف اقدامات کے حوالے سے تعاون جاری رکھاجائے گا۔