25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:38
آرمی پبلک اسکول حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
جیو نیوز - پشاور........کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ حملے میں جن 7دہشت گردوں نے حصہ لیا ان کے ہمراہ 4اور دہشت گرد بھی پشاور آئے تھے۔ پشاور میں سرچ آپریشن کرکے سو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سرکاری اداروں میں موجود ذرائع نے جیوکو بتایا کہ تحقیقاتی اداروں نے اب تک کی کوششوں کے بعد جو رپورٹ تیار کی ہے۔ اس میں اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ 11دہشت گردوں کا ٹولہ، خیبر ایجنسی سے صبح سویرے پشاور داخل ہوا۔ جن کے مددگاروں نے ان میں سے 3کو اسکول سے متصل بہاری کالونی میں چھوڑااور بعد میں مزید چار کو ان کے پاس لایاگیا۔ جنہوں نے اسکول کے دروازے پر پہنچ کر اپنی گاڑی کو آگ لگادی اوربہاری کالونی کی جانب سے دیوار پھلانگ کر اندرداخل ہوئے۔ تقریباً ساڑھے دس بجے خودکش حملہ کیاگیا۔ اس تحقیقاتی رپورٹ کے علاوہ بھی بعض سرکاری حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دہشت گردوں نے حملے کے دوران جو موبائل فون سمز استعمال کیں وہ عام شہریوں کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔ دوسری جانب پشاور کے نواحی علاقے متھرا میں سرچ آپریشن کےدوران پولیس نےافغان باشندوں سمیت 100کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔