25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:54
جامعہ حفصہ کی طالبات کو والدین کے حوالےکیاجائے،الطاف حسین
جیو نیوز - لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ارباب اقتدار اور اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مدرسہ حفصہ کی مظلوم بچیوں کو بازیاب کراکر ان کے والدین کے حوالے کیاجائے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور آئی ایس آئی کے چیف جنرل رضوان اخترکو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ایک انتہائی تکلیف دہ، دردناک، حیرت انگیز اور فوری حل طلب واقعے کی اطلاع ملی ہے جسے آپ حضرات فوری طورپر حل کراکر سینکڑوں روتے بلکتے والدین اوران کی معصوم بچیوں کی جان بچاکر ملک وقوم کی خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی بھی حاصل کریں۔ الطاف حسین نے کہا کہ میں مظلوم اور پریشان حال والدین کی سیکیورٹی کے تحت ان کے نام یہاں درج نہیں کررہا ہوں تاہم متاثرہ بچیوں، ان کے والدین کے نام و دیگر تفصیلات ایم کیوایم کے پاس محفوظ ہیں۔ انہوں نے ارباب اقتدار واختیار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں، آپ نامور اورطاقتور حضرات کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان خصوصاً مدرسہ حفصہ کی مظلوم بچیوں کے والدین کو متوجہ کرکے یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ موجودہ حالات کے سبب جب والدین نے مدرسہ حفصہ میں اپنی بچیوں سے ملنے کی درخواست کی تو مدرسے کی پرنسپل ام حسان اور مولانا عبدالعزیز نے والدین کو ان کی بچیوں سے ملاقات کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ مظلوم بچیوں نے متعدد بار اپنے والدین کو فون کرکے بتایا کہ وہ اپنے ماں باپ سے ملاقات کیلئے جب بھی مدرسے کے ذمہ دارلوگوں یا ذمہ دار خواتین سے بات کرتی ہیں تو نہ صرف انہیں والدین سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں کہ اگر تم نے اپنے والدین سے ملنے کی ذراسی بھی کوشش کی یا تمہارے والدین نے تم سے ملاقات کیلئے اعلیٰ سطح پر رپورٹ کی تو ہم تمہارا وہ حشر کریں گے کہ تم تازندگی اور تمہاری سات نسلیں بھی یادرکھیں گی۔انہوں نے مزید کہاکہ مظلوم بچیوں کے والدین اپنی بچیوں سے ملنے کیلئے تڑپ رہے ہیں اور رو رو کر اپنی بچیوں سے ملاقات کروانے کی دہائیاں دے رہے ہیں۔ الطاف حسین نے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور آئی ایس آئی کے چیف جنرل رضوان اخترسے مطالبہ کیا کہ مظلوم بچیوں کو مدرسہ حفصہ سے فی الفور بازیاب کرواکر ان کے والدین کے حوالے کیاجائے۔