25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:7
وزیرداخلہ کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائےانسداددہشتگردی کااجلاس
جیو نیوز - اسلام آباد ......... وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائےانسداددہشت گردی کے اجلاس میں جماعت اسلامی نے مدرسہ اصلاحات اورفوجی افسروں پرمشتمل خصوصی عدالتوں کے قیام پر اعتراض کردیا۔ پیپلز پارٹی اورمتحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نےکہا کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد مؤقف دیں گے۔ جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائےانسداددہشت گردی کے اجلاس میں ورکنگ گروپ کی تیارکردہ اکیس سفارشات زیرغورآئیں، ان میں سےدس پرمکمل اتفاق کرلیا گیا جبکہ دو سفارشات پر جماعت اسلامی نے اعتراض کیا۔ جماعت اسلامی کےنمائندوں فرید پراچہ اور طارق اللہ کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتیں بنانے سے گریز کیا جائے اور مدارس ریفارمز کے لیے مدارس انتظامیہ سے ہی مدد لی جائے۔ فوجی عدالتوں کےقیام کےمعاملےپرپیپلز پارٹی اورمتحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کاکہناتھاکہ وہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد مؤقف دیں گے۔