25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:39
پیپلزپارٹی نہیں چھوڑوں گا،اصلاح کیلئے کوشش کروں گا، امین فہیم
جیو نیوز - ہالا.........پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی نہیں چھوڑیں گے لیکن پارٹی کی اصلاح کے لیے پوری کوشش کریں گے، شیری رحمان کو جو عہدہ دیا گیا اس کا اعلان جلد بازی میں کیا گیا،اعتراض تھا لیکن پارٹی نے ٹھوس وضاحت پیش کردی۔ ہالا میں سروری جماعت کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ انہیں کسی سے ملنے کے لئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں، پرویز مشرف سے ملاقات اچانک ہوئی تھی، آدھا گھنٹہ بیٹھے بھی اور بات چیت بھی ہوئی۔ مخدوم امین فہیم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا کوئی اہم پیغام نہیں ملا، آصف زرداری سے ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں، وفاداری بھٹو اور ان کی پارٹی کے ساتھ ہے، پیپلزپارٹی کو بڑے بڑے ناموں نے چھوڑا، لیکن زیرو ہوگئے۔سروری جماعت کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں امین فہیم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پرانے ساتھی سمجھتے ہیں کہ لیڈر شپ کی ان پر نظر نہیں ہے،سروری جماعت کے لوگ بھی سوچتے ہیں کہ انہیں ان کا حق نہیں ملا، آخر میں کب تک اپنی جماعت والوں کو کہتا رہوں گا کہ اس دفعہ آپ نے ووٹ دیا، آگے آپ کو پھر اس طرح سے غم نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے بنایا اس کو چھوڑنےکا توتصور نہیں کرتے لیکن اگر پارٹی کی طرف سے ہمیں اہمیت نہ ملے تو ہمیں سوچنا تو پڑتا ہے۔