25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:56
اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پوٹھوہار ریجن میں گیس کی بد ترین بندش
جیو نیوز - اسلام آباد .........جڑواں شہروں اسلام آباد اور راول پنڈی سمیت اٹک سے جہلم تک پوٹھوہار ریجن میں گیس کی بد ترین بندش کےباعث شہری شدیدسردی میں ٹھٹھرنے کےساتھ گھروں میں کھاناپکانےکوترس گئےہیں ۔ہرزبان پرایک ہی سوال ہے کہ آخرگیس گئی کہاں؟؟؟؟ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت اٹک سے جہلم تک پورے پوٹھوہار ریجن میں بسنے والوں کی زبان پرایک ہی سوال کہ آخرگیس کہاں غائب ہوگئی اور90 فیصد علاقے توایسے ہیں کہ جن میں 24میں سے20گھنٹے گیس غائب رہتی ہے۔ بعض مقامات پرگیس کی فراہمی رات ایک بجے شروع توہوتی ہےلیکن صبح 5بجے پھر گیس غائب ہوجاتی ہے۔ اسلام آباد کے ایف، جی اورآئی سیکٹرز سمیت مارگلہ ٹاؤن، شہزاد ٹاؤن اور دیگر مضافاتی علاقوں میں گیس نام کونہیں۔ راولپنڈی کےعلاقوں چکلالہ، گلزارقائد، شاہ خالدکالونی، ائیرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، وکیل کالونی، پی ڈبلیو ڈی، صادق آباد، غوری ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن اور ٹنچ بھاٹہ میں شہری ہفتوں سے گیس کو ترس رہے ہیں۔ اٹک اور جہلم میں کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں گیس کا ایک شعلہ بھی جلتا ہو۔ سردی اور دھند بڑھی توگیس کی بندش نے شہریوں کی زندگی مزیدمشکل بنادی۔ شہری سردی میں ٹھٹھر نے کےساتھ گھروں میں کھاناپکانےکوترس گئے ہیں ۔ سوئی گیس حکام کے پاس شکایات کے انبار ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔