26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:19
نوشہرہ اور مانسہرہ میں آپریشن، 150 سے زائدمشتبہ افراد زیرِ حراست
جیو نیوز - نوشہرہ.........دہشت گردی کے ممکنہ واقعات کی روک تھام کے لئے ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں ۔ سرچ آپریشنز میں ڈیڑھ سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ہنگو میں دہشت گردوں کے حملے میں 2پولیس اہلکار جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے لکڑومیں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپا مارا۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں گولا بارود برآمد کیا گیا جس میں 80مارٹر گولے، 35 کلو بارودی مواد، 66 بارودی سرنگیں، 75 آر آر گن، راکٹ لانچر اور مشین گن شامل ہیں۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ہنگو کے علاقے سرکی پیالہ میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر راکٹ فائر کئے اور دستی بم پھینکے۔ حملے میں چوکی پر موجود 2پولیس اہلکار جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ کے پبی سرکل میں پولیس اور ایلیٹ فورس نے اضاخیل، اکبرپور ہ اور ملحقہ دیہات میں سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران 115مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ان میں 8افغان باشندے بھی ہیں جنہیں فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیاہے۔ ضلع مانسہرہ میں غیر ملکی اورمشتبہ افراد کے خلاف پولیس کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ پولیس نے 5افغان مہاجر کیمپوں اور ان کے اطراف سرچ آپریشن کرکے مکمل دستاویزات نہ رکھنے والے 40افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ادھر حیدرآباد میں امام بارگاہ قدم گاہ مولا علی کےقریب پولیس نے 5 مشکوک افراد کو حراست میں لےلیا ہے۔