27 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:48
انسداد دہشت گردی پلان پر عمل درآمد، وفاق کی سطح پر کمیٹیاں قائم
جیو نیوز - اسلام آباد..........وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاق کی سطح پربھی الگ الگ کمیٹیاں قائم کردی ہیں ، جن میں وفاقی وزراء کے علاوہ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہناہےکہ وفاقی وزیرداخلہ کی سربراہی میں کالعدم تنظیموں کو کام کرنے سے روکنے،مسلح جتھوں کے خاتمے، اشتعال انگیز مواد کی روک تھام اور انسداد دہشت گردی فورس کے قیام، افغان مہاجرین کی رجسٹریشن اورواپسی، مدارس اصلاحات، سوشل میڈیا پر دہشت گردوں کی رسائی روکنے، کراچی آپریشن کی نگرانی، مذہبی استحصال روکنے، پنجاب میں انتہا پسندی کے خاتمے، فرقہ وارایت میں ملوث گروپوں کے خلاف کارروائی کی الگ الگ کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔ فاٹا میں ترقیاتی اصلاحات و آئی ڈی پیز کی واپسی کے لئے گورنر خیبرپختون خوا، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے وزیرخزانہ اسحاق اورمیڈیا پر دہشت گردوں کی تشہیرروکنے کے لئے وزیراطلاعات کی سربراہی میں الگ الگ کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔ فوجداری اصلاحات کے لئے وزیرقانون کی سربراہی میں ورکنگ گروپ بنایا گیاہے۔ ان ورکنگ گروپس میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء اورسیکرٹریز سمیت سول وعسکری حکام بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نےہدایت کی ہے کہ وزیرداخلہ انسداد دہشت گردی فورس کی تعیناتی کا عمل 31 مئی 2015ء تک مکمل کریں جبکہ وزیر خزانہ اضافی فورس کی ضروریات کےلیے رقوم کی فراہمی کے حوالے سے 31دسمبر تک کام مکمل کر لیں۔