29 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 17:1
لاہور:نئی انارکلی کے پلازا میں آگ ، خاتون اور بچے سمیت 13 افراد جاں بحق
جیو نیوز - لاہور..........کل کراچی میں آگ لگی تھی، آج لاہور میں سانحہ ہوگیا۔ نئی انارکلی کے پلازا میں آگ لگنے سے خریداری کے لیے جانے والی خاتون اور بچے سمیت 13افراد جاں بحق ہوگئے۔ لوگ چھت پر چڑھ کر دہائی دیتے رہے،کئی افراد کو شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔ کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کی تپش ابھی ختم نہ ہوئی تھی کہ لاہور کی نئی انار کلی مارکیٹ میں شعلوں بھڑک اٹھے، وہی گنجان آبادی، ویسی ہی عمارتیں۔جہاں ایک تین منزلہ عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، شعلے لپکےتو پلازہ میں پھنسے افراد جان بچانے کے لیے چھت تک بھی جاپہنچے، جہاں سے مدد کی دہائی دیتے رہے، کچھ لوگوں عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بھی نکالا گیا، جن میں سے اکثر بے ہوشی کی حالت میں تھے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ عمارت میں چلنے والے یوپی ایس کی بیٹری دھماکے سے پھٹ گئی،جس کے بعد شارٹ سرکٹ سے اٹھنے والی چنگاریوں نے بجلی کے تاروں کو اپنی لپیٹ میں لیا اور عمارت کے اندر آگ بھڑک اٹھی ۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی اموات دم گھٹنے اور جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں۔ فائر بریگیڈ کی 8گاڑیاں آگ بجھانے کی جدوجہد میں مصروف نظر آئیں، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔