تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 17:17

کراچی ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

جیو نیوز - کراچی..........آج لاہور میں آگ لگی ہے، کل کراچی کی ٹمبر مارکیٹ جل گئی تھی،وہاں آگ پر مکمل طور پرقابو پالیا گیا ہے جبکہ دو روز جاری رہنے والا کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں بھڑکنے والی آگ کوآج دوسرے روز بھی مکمل طور پر بجھانے کا عمل جاری رہا۔ فائر بریگیڈ سپر وائزر ظفر احمد کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل آج دوسرے روز میں مکمل کر لیا گیا ہے تاہم لکڑی کے گودام، کوئلا گودام میں تبدیل ہوچکے ہیں۔ فائر بریگیڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبہ اٹھانے کے دوران جگہ جگہ آگ بھڑک اٹھتی تھی۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں اور 60 اہلکاروں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا اور کولنگ کا کام آج مکمل کرلیا گیا جبکہ جلی ہوئی لکڑیوں اور بچے کچھے سامان کا ڈھیر ایک جگہ لگا کر ٹین کی چادریں دکانداروں کے حوالے کردی گئی ہیں۔ فائر بریگیڈ سپر وائزر ظفر احمد کا کہنا ہے کہ کولنگ کے عمل کے دوران کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا لیکن فائر بریگیڈ کی گاڑِیاں اور عملہ کسی ممکنہ خدشے کے پیش نظر جائے وقوعہ پر ایک روز تک موجود رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے ٹمبر مارکیٹ کی 200سے زائد دکانیں اور 86گھر مکمل طور پر جل گئے ہیں، متعدد مویشی اور گاڑیاں بھی جل کر راکھ ہوگئیں، لیکن خوفناک آگ سے ایک مسجد اور دو درگاہیں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔ ایک اندازے کے مطابق گوداموں میں موجود لکڑی کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے اورآگ کی لپیٹ میں آکر راکھ کا ڈھیر بن جانے والے گھروں کا نقصان اس کے علاوہ ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.