30 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:4
جن دہشتگردوں نے ہمارے بچوں کومارا انہیں نہیں چھوڑینگے:وزیراعظم
جیو نیوز - اسلام آباد ............وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں کومارا انہیں نہیں چھوڑیں گے، خصوصی عدالتیں غیر معمولی مسئلے کا غیر معمولی حل ہیں۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ خصوصی عدالتوں کے لیے سیاسی جماعتوں سے مزید مشاورت کی جائےگی۔ دہشت گردی کےخاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر،وفاقی وزراء اور سیاسی و قانونی مشیر وں نے شرکت کی۔ ڈی جی ایم او میجر جنرل عامر نے آپریشن ضرب عضب اورسیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق آئینی اور قانونی نکات پر مشاورت کی گئی اور یہ اتفاق کیا گیا ہے کہ خصوصی عدالتوں کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں سےمزید مشاورت کی جائے گی جب کہ حکومت کی آئینی ٹیم بھی آئینی معاملات پر مشاورت جاری رکھے گی۔ ذرائع کے مطابق نیکٹا کے اجلاس میں سیکیورٹی اور انٹیلی جنس نظام کو مربوط بنانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنےکےاقدامات پربھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے مؤثر اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، غیر قانونی سمز کے خاتمے کی پالیسی بھی وضع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سیاسی و عسکری قیادت نے اتفاق کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نےکہا کہ غیر معمولی مسائل کے حل کے لیے غیر معمولی اقدامات ضروری ہیں، خصوصی عدالتیں قومی ایکشن پلان کا حصہ ہیں، دہشت گردوں کو ان عدالتوں کے ذریعے سزائیں دلائیں گے، دہشت گردی کےمقدمات کی تمام اداروں کو مکمل جانچ پڑتال کرنا ہو گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسداددہشت گردی کاقومی ایکشن پلان پوری قوم کامتفقہ فیصلہ اوریکجہتی کا اظہار ہے، اس پلان پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنائیں گے، ہم نے دہشت گردوں کو اپنے اتحاد کے ذریعے تنہا کر دیا ہے،عدم اتفاق کے پیغام سے شہدا کو دھوکا نہیں دے سکتے، ہماری جنگ نفرت اور پُرتشدد عناصر کے خلاف ہے۔ وزیراعظم نےکہا کہ پُرامن پاکستان کے لیے مسلح افواج نے آپریشن ضرب عضب شروع کرکےسمت متعین کردی ہے دہشت گردی کا خاتمہ اور پُر امن پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے۔