31 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:30
فوجی عدالتوں پر پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس کا فیصلہ متفقہ نہیں:الطاف حسین
جیو نیوز - لندن...........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام پر پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس کا فیصلہ متفقہ نہیں، ایم کیو ایم اختلافی نوٹ جمع کراچکی ہے کہ ان عدالتوں کو طالبان ،فوج پر حملہ کرنے والوں اور دہشت گردی کے معاملات تک محدود رکھا جائے۔جیو نیوز سے گفتگو میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالتوں کے معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے اپنا مؤقف اور اضافی نوٹ جمع کرایا تھا۔ دوسرے سیشن کے بعد جب مسودہ لکھا جا رہا تھا تو ایم کیو ایم نے یہ اعتراض بھی کیا تھا کہ اس فیصلے کو متفقہ کے بجائے، اکثریتی لکھا جائے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتون نے آرمی چیف کے سامنے تو ہاں کر دی، لیکن باہر نکل کر کہا کہ ہم نے مخالفت کی، یہ منافقانہ رویہ ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ ملٹری کورٹس طالبان، خودکش حملہ آوروں، افواج کی تنصیبات پرحملہ کرنے والوں تک محدود رہنی چاہئیں، ان کا استعمال سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونا چاہیئے۔