29 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:14
افغان مفاہمتی عمل کیلئے کوئی شرائط عائد نہیں کیں، پاکستان
جیو نیوز - اسلام آباد … پاکستان نے افغان صدارتی ترجمان کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل کیلئے کوئی شرائط عائد نہیں کی گئیں، خیر سگالی کے اقدامات کئے ہیں۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغان صدارتی ترجمان کے اس بیان میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان نے افغان مصالحتی عمل کیلئے شرائط عائد کی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کیلئے مخلص ہے، کسی مخصوص افغان گروپ کی بجائے امن عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان سے بھارت کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کیا، افغانستان اور بھارت آزاد و خود مختار ممالک ہیں۔