29 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:44
کالعدم گروپوں کی الیکشن میں شمولیت خانہ جنگی کی سازش ہے،حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام آباد…قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ وطن عزیز میں حضرت قائد اعظم اور حضرت علامہ اقبال کے فرمودات سے انحراف کرکے آئین پاکستان سے متصادم منشور کی حامل مذہبی جماعتوں اور کالعدم گروپوں اور انکے سرپرستوں کو انتخابات میں شامل کرکے ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے جواسلامی ممالک کو مسالک میں تقسیم کرنے کے استعماری منصوبے کا حصہ ہے جسے گوادر کو چین کے سپرد کرنے اور پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کی بڑی تکلیف ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو ہفتہ عظمت ِ محمد و آل محمد کے اختتام پر” المرتضیٰ “میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ اس وقت ساراکھیل وطن عزیز کو نظریہ اساسی سے ہٹانے کیلئے کھیلا جارہا ہے تاکہ عالمی استعمار اور یہود و ہنود کو تقویت پہنچائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعدپاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی کا کردا ر ادا کیا جسکی وجہ سے وہ خود آج دہشتگردی کا فرنٹ لائن ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کا سارا منصوبہ بے نقاب ہوچکا ہے جس نے مسلم مکاتب کو آپس میں لڑا یا۔انہوں نے کہا کہ بعض مسلم ممالک پاکستان کی سرزمین پر اپنے ایجنٹوں کے ذریعے بدامنی پھیلا رہی ہیں‘حکومتِ پاکستان ان ممالک سے سفارتی سطح پر احتجاج کرے اور ان ممالک کی طرف سے پاکستان کے مذہبی انتہاپسند ‘کالعدم گروپوں کوملنے والی مالی امداد بند کروائے جس کی وجہ سے ان عناصر نے پورے ملک میں دہشتگردی کا بازار گرم کرکے ہر گلی کوچے کو خون میں نہلا دیا ہے۔انہوں نے بلوچستان میں قو م پرست جماعتوں کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے جس پر ہر محب وطن کا حق ہے۔آقای موسوی نے واضح کیا کہ ہماری قوم صرف اسلام ہے اور وطن پاکستان ہے یہی ہمارا طرہ امتیاز ہے۔