29 مارچ 2013
وقت اشاعت: 20:54
سندھ: قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے3ہزار سے زائد فارم جاری
جیو نیوز - کراچی…سندھ بھر سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک صوبے کے مختلف حلقوں کے لئے 3 ہزار سے زائد فارم جاری کئے جاچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے لئے 3 سو اور صوبائی اسمبلی کے لئے 5 سو کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں۔ مخصوص نشستوں پر کاغذات جمع کرانے والی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور نیشنل پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں، سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی 9 مخصوص نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جارہے ہیں۔اب تک 36 امیدواروں نے اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، قومی اسمبلی کے لئے خواتین کی14 مخصوص نشستوں کے لئے 34 جبکہ صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص29 نشستوں کے لئے اب تک 82 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی صوبائی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔