30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 11:44
نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں اعلیٰ افسران کی تقرریاں اور تبادلے
جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ کے احکامات اور الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں اعلیٰ افسران کی تقرریاں اور تبادلے کردئیے گئے ہیں۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑادی ہیں۔چیئرمین این ایچ اے حامد خان نے من پسند افسران کو نوازتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود اعلیٰ افسران کی تقرریاں اور تبادلے کردیے ہیں۔یہ تبادلے اور تقرریاں گریڈ،20، 18،19کے افسران کی گئی ہیں ،جن کانوٹیفکیشن 25مارچ کو جا ری کیا گیا ،جب ملک میں کوئی وزیراعظم تھانہ ہی این ایچ اے سے متعلق کوئی وفاقی وزیر بلکہ 21گریڈ کے چیئرمین نے ہی 20گریڈ کی تقرریاں اور تبادلے کردیئے ،ذرائع کے مطابق 21گریڈ کے چیئرمین 20گریڈ کے جنرل منیجر زکی تقرریاں اور تبادلے اعلیٰ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر نہیں کرسکتے،آفس آرڈر کے مطابق الیاس افضل خان کوجنرل منیجر این ایچ اے خیبر پختونخواتعینات کردیا گیا ہے،الیاس اظفر احسان کوجنرل منیجراین ایچ اے جنوبی پنجاب مقررکردیا گیا ہے،عبدالصمدکا جنرل منیجر آپریشن ہیڈ کوارٹرزاین ایچ اے تقررکیا گیاہے جبکہ فضل نواب خٹک جنرل منیجر ای-35این ایچ اے لگادیئے گئے ہیں اور رشید میمن کوجنرل منیجر این ایچ اے سندھ تعینات کردیا گیاہے۔