30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 14:45
ن لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس نوازشریف کی زیرصدارت جاری
جیو نیوز - لاہور … مسلم لیگ ن کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس نوازشریف کی صدارت پانچویں روز بھی جاری ہے، انتخابی امیدواروں کی ٹکٹوں کاحتمی فیصلہ ابھی تک نہیں کیا جا سکا۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں جاری پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شہباز شریف، راجا ظفرالحق ، اقبال ظفر جھگڑا، مشاہداللہ خان ، احسن اقبال سمیت سینئر رہنما شریک ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور سندھ کے پارٹی ٹکٹوں کا فیصلہ کر لیاگیا ہے جبکہ اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پنجاب بالخصوص لاہور میں امیدواروں میں سخت مقابلے کے باعث ابھی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا، جلد ناموں کو فائنل کر لیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق نئے آنے والوں کو ایڈجسٹ کرنے کی وجہ سے ٹکٹوں کے فیصلے میں تاخیر ہوئی، ن لیگی کارکنوں کی جانب سے ردعمل بھی تاخیر کا باعث بن رہا ہے ۔