30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 15:45
کراچی میں حلقہ بندیاں، ایم کیو ایم نے اقوام متحدہ میں یادداشت جمع کرادی
جیو نیوز - نیویارک … کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیو ایم امریکا نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر میں اپنی یادداشت جمع کرادی ہے۔ کراچی میں حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے تحفظات اور خدشات پر مبنی یادداشت ایم کیو ایم امریکا کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے جمع کرائی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم امریکا کے جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر محمد ارشد حسین، رکن سینٹرل کمیٹی وکیل جمالی سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔ یادداشت میں کہا گیا ہے پاکستان میں غریب اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم کو دبانے کیلئے غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ یادداشت میں اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل کمیونٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان اور بالخصوص کراچی میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم امریکا کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر جمع ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکنان سے مختصر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت نئی حلقہ بندیوں کو قبول نہیں کریں گے اور قومی وبین الااقوامی فورمز پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔