30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 17:35
پاسپورٹ لیمی نیشن ٹینڈر کے اجرا ء میں سنگین بے ضابطگیاں
جیو نیوز - کراچی … پاسپورٹ لیمی نیشن ٹینڈر کے اجراء میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، ایک ارب روپے کے ٹینڈر کے اجرا میں پیپرا قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، نیب اور نادرا حکام نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔ جیو نیوز کی حاصل کردہ دستاویزات کے مطابق ایک ارب روپے کے پاسپورٹ لیمی نیشن ٹینڈر کے اجراء میں 6 ماہ ضائع کئے گئے اور اس کی تاریخ میں 4 مرتبہ ردو بدل کیا گیا۔ ٹینڈر کے اجراء سے پہلے 2 شارٹ لسٹڈ کمپنیوں اوپسیک اور ہولوگرام کے 100، 100 سیمپلز ٹیسٹنگ کیلئے امریکی اور کینیڈین لیبارٹریز کو بھیجے گئے تاہم رپورٹ آنے سے پہلے ہی ٹینڈر کھول دیا گیا۔ ٹینڈر کے اجرا کے وقت دونوں شارٹ لسٹڈ کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود نہ تھے جو کہ پیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ نیب نے 31 دسمبر 2012ء کو پاسپورٹ حکام کو خط لکھا کہ اوپسیک کمپنی کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے جو پیپرا قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان کا خدشہ ہے۔ نادرا نے بھی ٹینڈر جاری کرنے کے طریقہ کار پر شدید تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ نادرا کے پروڈکشن ہیڈ کے مطابق 26 مارچ کو اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فائنانشل بڈ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد ہی کھولی جائے گی لیکن وزارت داخلہ اور پاسپورٹ حکام نے اسی روز اچانک بڈ کھول دی۔ اوپسیک کے تیار کردہ پاکستانی پاسپورٹس کے سیکیورٹی فیچرز کو کینیڈین حکام غیر محفوظ بھی قرار دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی اے سی ندیم افضل چن کے بہنوئی مقبول گوندل بیک وقت 4 عہدوں پر براجمان ہیں، وہ پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر، ڈائریکٹر لیگل اور ڈائریکٹر پالیسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ جیو نیوز نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ واجد بخاری کا موٴقف جاننے کی کوشش کی تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔