تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
31 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:9

پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، حیثیت تسلیم کی جانی چاہئے، فضل الرحمان

جیو نیوز - لاہور … جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اس کی حیثیت کو تسلیم کیا جانا چاہئے، ہماری آزادی چھیننے کا حق کسی کو نہیں، ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، ملکی وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، فرائض سے غفلت برتنے والے حکمران قومی مجرم کہلاتے ہیں۔ لاہور میں مینار پاکستان پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بڑے جلسہ عام میں مولانا فضل الرحمان نے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وجود پر سوالیہ نشان لگائے جارہے ہیں، عوام کو ذلت اور جبر سے نکال دینا چاہتے ہیں، زمیندار کے جائز حق کو تسلیم کرتے ہیں، ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، امیر اور غریب کے درمیان تفریق کو ختم کرنا ہوگا، مزدوروں کو جائز مقام دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے جاگیرداروں سے عوام کو نجات دلاسکتے ہیں، کسی مزارع کو اس کی زمین سے جبراً بے دخل نہیں کیا جاسکتا، عوام آزادی کیلئے اٹھ کھڑے ہوں، ہماری آزادی چھیننے کا حق کسی کو نہیں، بر صغیر کا امن پاک و ہند کے بہتر تعلقات پر منحصر ہے، پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، اس کی حیثیت کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کشمیر آزاد کرانے کا پاکستانی قوم کا عزم شکست و ریخت کا شکار ہوگیا، پاکستان فلاحی ریاست کی بجائے غیر محفوظ ریاست بن چکا ہے، ملک میں بین الاقوامی مفادات کا اثر و رسوخ بڑھ گیا ہے، ملکی وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے مزید کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، اپنی معیشت کو غیر ملکی کمپینوں کے حوالے کیا ہے، ہم خاموش رہے لیکن بھارت نے دریاوٴں پر ڈیم بنائے، فرائض سے غفلت برتنے والے حکمران قومی مجرم کہلاتے ہیں، ہمیں کسی بھی ملک سے گیس خریدنے کی ضرورت نہیں، ملک میں ٹیکس کے نظام کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.