1 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:45
اسلام آباد : 15 رکنی نگراں وفاقی کابینہ کل حلف اٹھائے گی
جیو نیوز - اسلام آباد … وزیراعظم ہاوٴس نے 15 رکنی نگراں کابینہ کا اعلان کردیا، نگراں وفاقی وزراء کل دوپہر ایوان صدر میں حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کئی دن سے نگراں کابینہ کیلئے مشاورت کررہے تھے، نگراں کابینہ میں تمام صوبوں سے وزراء لئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد 15 رکنی کابینہ کے نام فائنل کئے ہیں۔ نگراں وفاقی کابینہ کل ایوان صدر میں دوپہر 2 سے 3 بجے کے دوران حلف اٹھائے گی۔ نگراں کابینہ میں ملک حبیب، عارف نظامی، ڈاکٹر مشتاق خان، احمر بلال صوفی، ڈاکٹر مصدق ملک اور سہیل وجاہت صدیقی شامل ہیں۔ شہزادہ احسن اشرف شیخ، مقبول رحمت اللہ، عبدالمالک کاسی، اسد اللہ مندوخیل اور میر حسن ڈومکی بھی کابینہ میں شامل ہیں۔ نگراں کابینہ میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور ڈاکٹر یونس سومرو بھی شامل ہوں گے۔