2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 9:33
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرامیدواروں کا غلط حلقوں میں اندراج
جیو نیوز - اسلام آباد…الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ’کہیں کہیں‘ کسی ایسے ٹین ایجر کی الماری نظر آرہی ہے، جس میں سب کچھ ہوتا ہے، سوائے ترتیب کے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر ڈالنا شروع کردیے ہیں، یہاں قومی اور صوبائی اسمبلی کا حلقہ منتخب کرکے امیدواروں کے نام دیکھے جاسکتے ہیں اور اس طرح کوئی ووٹر اعتراض داخل کرنے کیلئے ویب سائٹ سے مدد لے سکتاہے، ہونا تو ایسا ہی چاہئے تھا مگران ناموں کو ویب سائٹ پر ڈالنے میں ایسی غلطیاں کی گئی ہیں کہ مطلوبہ امیدوار کو ڈھونڈنے کیلئے بھول بھلیوں سے گزرنا پڑے گا،اگر آپ کو کسی امیدوار کا حلقہ معلوم ہو تب بھی اسے ویب سائٹ پر تلاش کرنے کے لیے ملک بھر کے حلقے چھاننے ہوں گے، کیونکہ ویب سائٹ پر ان کا اندراج غلط حلقوں میں کردیا گیاہے۔ حنا ربانی کھر جو قومی اسمبلی کے حلقہ177سے امیدوار ہیں ، ویب سائٹ پر ان کے دستاویزات این اے 44 کے خانے سے ملیں گی۔گورنر پنجاب کے بیٹے مصطفی محمود ویسے تو این اے 92سے امیدوار ہیں تاہم ان کے کاغذات بھی این اے 44 میں ڈالے گئے ہیں۔این اے 96 سے کاغذات جمع کرانے والے خرم دستگیر کے کاغذات دیکھنے ہوں تو ویب سائٹ پر این اے 42کو کلک کریں۔اسی طرح حیدر آباد کے حلقہ این اے 219پر امیدوار کنور نوید جمیل کے کوائف راولپنڈی کے حلقہ50 میں پڑے ہیں۔