2 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:36
کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری، بجلی کی فراہمی متاثر
جیو نیوز - کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہے گا،کراچی میں ایئرپورٹ، ملیر، ماڈل کالونی اوراطراف میں اچانک بارش کاسلسلہ شروع ہوا، جس کے بعد گلشن اقبال، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد، پاپوش نگر، لسبیلہ، گرومندر اور قرب و جوار میں بارش ہوئی۔ متعدد علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلتی رہیں اور بجلی کڑکتی رہی جبکہ نارتھ کراچی میں شدید بارش کے بعد ژالہ باری ہوئی۔بارش کے باعث مختلف علاقوں میں50کے قریب فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں، جہاں بجلی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کے ای ایس سی کی مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔