3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 6:17
خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے کرک سے بھی خاتون امیدوارسامنے آگئیں
جیو نیوز - پشاور…خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 41 کرک پر 33 سالہ خاتون امیدوار فرح خان بھی آزاد حیثیت سے انتخابی میدان میں اترگئی۔ خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 41 کرک پرخاتون امیدوار فرح خان کا مقابلہ پیپلزپارٹی کے جہانزیب، اے این پی کے محسن علی خان، پی ایم ایل این کے ملک ظفراعظم، جے یوآئی (ف) ملک قاسم سمیت دیگر امیدواروں سے ہوگا۔ فرح خان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 6 اپریل کو ہوگی۔ فرح خان کا تعلق ضلع کرک کے علاقہ تحت نصرتی سے ہے۔ فرح خان نے جیونیوز کو بتایا کہ انہوں نے 2006 میں ایم بی اے فنانس اور 2009 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں تبدیلی لانے اور خواتین کو حقوق دلانے کے لئے انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے اور آزاد حیثیت سے انتخابات لڑیں گی۔