3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 6:46
ذوالفقار بھٹو کی برسی، پریذیڈنٹ ہاوٴس نوڈیرو میں منتخب کارکنان مدعو
جیو نیوز - کراچی…پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 34 و یں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں ہو نے والی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، حکومت سندھ نے چاراپریل کو برسی کے موقع پر صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیاہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے ذواالفقارعلی بھٹو کی 34ویں برسی سادگی سے منانے اورعہدیداروں کواپنے اپنے ضلعی ہیڈ کوارٹرمیں برسی کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی پی لاڑکانہ کے صدر محمد ایاز سومرو کے مطابق برسی پر گڑھی خدا بخش میں صرف قرآن خوانی اورمزارپر چادرچڑھانے کے بعد لنگر تقسیم کیاجائے گا۔ جس کے بعد شام سات بجے پریذیڈنٹ ہاوٴس نوڈیرو میں ایک تقریب ہو گی جس میں دو ہزار منتخب کارکنوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ صدر آصف زرداری تقریب سے خطاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی جانب سے چار اپریل کو گڑھی خدا بخش میں برسی منائی جائیگی۔ اس موقع پر جلسہ بھی منعقد ہوگا ، جس سے پارٹی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔