3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 13:48
کراچی: سرجانی ٹاوٴن 2 دہشت گرد گرفتار، دھماکا خیز مواد برآمد
جیو نیوز - کراچی … سی آئی ڈی پولیس نے سرجانی ٹاوٴن کے علاقے میں کارروائی کرکے لشکر جھنگوی کے 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتا رکرلیا، ملزمان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ایس ایس پی سی آئی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ڈاکٹرز اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی فیاض خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاوٴن میں کارروائی کے دوران لشکر جھنگوی کے 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق نعیم بخاری گروپ سے ہے۔ فیاض خان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور 10 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان سے ایسے کیپ ملے ہیں جن میں کیمرے لگے ہوئے ہیں، ملزمان کیمرے والے کیپ کے ذریعے عدالت کی ریکی کرتے تھے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد اہل تشیع ڈاکٹرز اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سبط جعفر کے قتل میں ملوث ہیں۔ پولیس نے پریس کانفرنس کے دوران گرفتار ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کیا تاہم ان کے چہرے کپڑوں سے چھپے ہوئے تھے۔