3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 14:18
اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ، فیصلہ ایک ہفتے میں کرلیا جائیگا، الیکشن کمیشن
جیو نیوز - اسلام آباد … سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حتمی فیصلہ ایک ہفتے میں کرلیا جائے گا، جعلی ڈگری والے 24 اراکین پارلیمنٹ کو نوٹس دے دیئے، عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپر میں خالی خانہ شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، 17 ہزار کاغذات نامزدگی میں سے 12 ہزار کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق سافٹ ویئر تیار کرلیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے کا حتمی فیصلہ منگل کو کرلیا جائے گا جبکہ بیلٹ پیپرز میں خالی خانہ شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ بیلٹ پیپر میں خالی خانہ چھوڑنا جمہوریت کو بدنام کرنے کی سازش سے متعلق سوال پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ سب کا مطالبہ تھا اور اس حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی کہا تھا جس کے بعد یہ بیلٹ پیپرز میں خالی خانہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نگراں وزیراعظم کو اس حوالے سے آرڈیننس جاری کرنے کی درخواست کریں گے۔ اشتیاق احمد خان کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگری والے سابق 24 ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس دے دیئے، 189 ارکان کو 5 اپریل تک دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دی ہے، الیکشن کمیشن 2010ء سے پارلیمنٹیرینز اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو اپنی تعلیمی اسناد کی تصدیق سے متعلق لکھتا رہا ہے، یہ کہنا قطعاً درست نہیں کہ ہم نے کسی کو اس حوالے سے خط نہیں لکھا۔ انہوں نے کہا کہ 17ہزار کاغذات نامزدگی میں سے 12 ہزار کی جانچ پڑتال کرلی، حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کی سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، الیکشن کیلئے 11 مئی کا دن مقرر ہے، تیاری جاری ہے، منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔