3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 15:58
سپریم کورٹ: توقیر صادق کے وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل پر رپورٹ طلب
جیو نیوز - اسلام آباد … سپریم کورٹ نے 82 ارب روپے کے کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر رپورٹ طلب کر لی ، عدالت نے ایک اور ملزم شہزاد سلیم بھٹی کو معافی دینے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے اعتراف جرم کرنے والے ملزم کو کیسے معافی دے دی، اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ دنیا کو پتہ ہے کہ توقیر صادق باہر بیٹھا ہے اور ماڈل ٹاوٴن لاہور کے ایڈریس پر وارنٹ بھجوائے جارہے ہیں۔ تفتیشی افسر یو اے ای میں توقیر صادق کو مل کر واپس آیا ہے۔ نیب نے ایک سال، ایک ماہ اور ایک دن بعد ریفرنس داخل کیا، یہ تاخیر یقینا شواہد اکٹھے کرنے کے باعث ہوئی ہوگی۔ احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ ملزمان کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں۔ عدالت نے اس کیس سے متعلق تمام متفرق درخواستیں جلد نمٹانے کیلئے احتساب عدالت کو بھجوا دیں۔ کیس کی مزید سماعت 17 اپریل کو کی جائے گی۔