3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:19
پاسپورٹ لیمی نیشن کا ٹھیکہ امریکی کمپنی کو دینے پرحکم امتناعی
جیو نیوز - اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاسپورٹ لیمی نیشن کا ٹھیکہ امریکی کمپنی کو دینے کے فیصلے پرحکم امتناع جاری کر تے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن سے دو ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پاسپورٹس کی لیمی نیشن کا ٹھیکہ امریکی کمپنی کو دینے کے خلاف فرانسیسی کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل سلمان اکرم راجا نے موقف اپنایا کہ ٹھیکے میں قواعد کو مد نظر نہیں رکھا گیا، امریکی کمپنی کے مقابلے میں ان کی کوالٹی زیادہ بہتر تھی جسے نظر انداز کر دیا گیا۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ایک ارب کے ٹھیکے پر عمل درآمد روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔