3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:28
آرڈی نینس سے لیوی ٹیکس کا نفاذ، وفاق کو جواب داخل کرنے کی مہلت
جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ نے صدارتی آرڈی نینس کے ذریعے لیوی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آئینی درخواست پر وفاق کو دوبارہ جواب داخل کرنے کے لیے دس دن کی مہلت دے دی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لیوی ٹیکس نافذ کر کے آئین کی 9شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف پر مشمل دو رکنی بنچ نے ایک شہری شاہداورکزئی کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کا آرٹیکل 89 واضح ہے کہ آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس کے نفاذ کی گنجائش نہیں، ٹیکس کا نفاذ صرف ایکٹ آف پارلے منٹ کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ممکن ہے کہ شارٹ فال پر بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے آرڈیننس لایا گیا ہو، صدر از خود نہیں ، بلکہ کسی ایڈوائس پر آرڈیننس جاری کرتا ہے۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ ٹیکس کے نفاذ کے لیے وزارت خزانہ نے کوئی تجاویز تیار کی ہوں گی۔عدالت نے وفاق کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی۔